کمشنر جی ایچ ایم سی کو عہدہ سے ہٹانے کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ملازمین نے آج صدر دفتر واقع ٹینک بنڈ پر احتجاج منظم کرتے ہوئے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ اسسٹنٹ میڈیکل آفیسر سرکل V جی اشوک کمار کی اچانک موت کے خلاف آج جی ایچ ایم سی کے شعبہ ہیلتھ اینڈ سنیٹیشن کے ملازمین نے ہڑتال کا اعلان کیا ۔ ملازمین نے الزام عائد کیا کہ مبینہ طور پر کمشنر کی جانب سے ملازمین و عہدیداروں کو مسلسل ہراسانی اور غیریقینی صورتحال پیدا کرنے کے باعث جی اشوک کمار کی موت واقع ہوئی ہے ۔ متوفی عہدیدار کے افراد خاندان نے بھی کمشنر پر الزام عائد کیا کہ کام کے مسلسل دباؤ کے باعث اشوک کمار کی موت واقع ہوئی ہے ۔ ملازمین کی یونینوں کا کہنا ہے کہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار کی جانب سے جائیداد ٹیکس کی وصولی کیلئے جو نشانہ مقرر کیا گیا ہے اُن کا حصول ناممکن ہے اور اس طرح کے غیریقینی نشانوں کے تعین کے ذریعہ ملازمین و عہدیداروں کو مبینہ مسلسل ہراسانی کے باعث عہدیدار اور ملازمین تناؤ کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ ملازمین نے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار کو فوری ہٹانے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اگر کمشنر بلدیہ کا تبادلہ نہیں کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ملازمین بڑے پیمانہ پر احتجاجی مہم کا آغاز کریں گے ۔