کمشنر جی ایچ ایم سی اور کمشنر پولیس نے انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد 20 مئی (سیاست نیوز) 23 مئی کو پارلیمانی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے مراکز رائے شماری کاؤنٹرس پر 3 ٹائر سکیورٹی تعینات کی جارہی ہے۔ حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے ووٹوں کی گنتی کے مراکز پر امتناعی احکامات نافذ رہیں گے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجن کمار اور کمشنر جی ایچ ایم سی داناکشور نے حیدرآباد و سکندرآباد کے پارلیمانی حلقوں کے رائے شماری کے مراکز کا معائنہ کیا اور سکیورٹی کا جائزہ لیا۔ اِس موقع پر انجنی کمار نے کہاکہ رائے شماری مراکز پر سٹی پولیس عملہ کے علاوہ سٹی آرمڈ ریزرو اور نیم فوجی دستوں کو بھی تعینات کیا جارہا ہے تاکہ اِن مراکز پر مؤثر سکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسسٹنٹ مشنر پولیس کے رتبہ کے عہدیداروں کی زیرنگرانی ہر ایک مرکز رائے شماری کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر پولیس رتبہ کے عہدیدار ہر سنٹر کی سکیورٹی کی نگرانی کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ صبح سے رائے شماری کا آغاز ہوگا اور یہ رائے شماری کی تکمیل تک سکیورٹی برقرار رہے گی۔ انجنی کمار نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت پر رائے شماری مراکز کے قریب دفعہ 144 نافذ رہے گا اور 5 سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر بھی پابندی رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک کیلو میٹر حدود میں کسی بھی قسم کی ریالی، جلوس یا جلسہ عام کی اجازت نہیں رہے گی۔ مراکز کے معائنہ کے بعد انجنی کمار نے شہر کے تمام پولیس عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ رائے شماری کے خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا۔