کمشنر بلدیہ کے خلاف کارروائی کی خواہش : ایس ریڈی سرینواس ریڈی

لوک آیوکت میں تلگو دیشم کارپوریٹر کی شکایت ، گورنر کو بھی مکتوب
حیدرآباد ۔ 14 نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی لاپرواہی کے خلاف مسٹر سنگھی ریڈی سرینواس ریڈی فلور لیڈر بلدیہ تلگودیشم پارٹی نے آج لوک آیوکت سے رجوع ہوتے ہوئے کمشنر بلدیہ کیخلاف کارروائی کی خواہش کی ۔ انھوں نے لوک آیوکت میں داخل کردہ اپنی درخواست میں بتایا کہ متعدد مرتبہ بلدی عہدیداروں سے نمائندگیاں کئے جانے کے باوجود عہدیداروں کی جانب سے اختیار کردہ لاپرواہی کے سبب ایک خاتون کی موت واقع ہوئی ہے ۔ انھوں نے شہر میں سڑکوں اور نالوں کی حالت کو انتہائی ناگفتہ بہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک عہدیداروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی ، اُس وقت تک عہدیداروں میں جواب دہی کا احساس پیدا نہیں ہوگا ۔ انھوں نے لوک آیوکت میں داخل کردہ درخواست میں خواہش کی کہ فوری طورپر لوک آیوکت کمشنر بلدیہ حیدرآباد کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کی ہدایت جاری کرے۔ مسٹر سنگھی ریڈی سرینواس ریڈی نے ایک اور مکتوب گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کو روانہ کرتے ہوئے بلدی عہدیداروں کی جانب سے اختیار کردہ رویہ کی شکایت کی اور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے خلاف فی الفور کارروائی کو یقینی بنانے کی خواہش کی۔ تلگودیشم لیڈر نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ جب تک ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی اُس وقت تک عوام میں اعتماد پیدا ہونا دشوارکن ہے ۔