کمشنر اقلیتی بہبود کیلئے نئی گاڑی، 15لاکھ کی منظوری

حیدرآباد۔/28ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے کمشنر اقلیتی بہبود کے استعمال کیلئے نئی گاڑی کی خریدی کے سلسلہ میں 15لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج جی او آر ٹی 251 جاری کیا جس کے مطابق کمشنر اقلیتی بہبود کے استعمال کیلئے نئی انووا گاڑی خریدی جائے گی۔ اقلیتی بہبود کے موجودہ فنڈ سے ہی یہ رقم جاری کی گئی ہے۔ محکمہ فینانس نے 18ڈسمبر کو نئی گاڑی کی خریدی کے سلسلہ میں اس رقم کو منظوری دی تھی۔ محکمہ فینانس سے رقم کی اجرائی کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود کے اسپیشل سکریٹری نے یہ رقم جاری کردی تاکہ کمشنر کے استعمال کیلئے نئی گاڑی حاصل کی جاسکے۔

جی او میں کمشنر اقلیتی بہبود کو اس رقم کے استعمال اور گاڑی کی خریدی کا مجاز گردانا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کمشنر اقلیتی بہبود کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد جناب شیخ محمد اقبال ( آئی پی ایس ) کو سرکاری گاڑی فراہم نہیں کی گئی تھی جس کے باعث وہ کرایہ پر حاصل کردہ گاڑی کا استعمال کررہے تھے۔ حکومت نے اقلیتی بہبود کمشنریٹ کا قیام عمل میں لایا لیکن کمشنریٹ کیلئے درکار اسٹاف اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز نہیں کی گئی۔

کمشنر اقلیتی بہبود کی مساعی پر شہر اور اضلاع میں اقلیتی بہبود کمشنریٹ کیلئے درکار اسٹاف کے تقرر کے اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں جائیدادوں کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت سے تقررات کی اجازت حاصل کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر اقلیتی بہبود کے موجودہ دفتر میں بنیادی سہولتوں کی کمی کے باعث کمشنریٹ کو خدمات انجام دینے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔