کمسن بچوں کو بھیک مانگنے کیلئے مجبور کرنے کی اطلاعات سے حکومت لاعلم

نئی دہلی ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) حکومت کے پاس ایسی کوئی اطلاعات نہیں ہے کہ میٹرو شہروں میں مجرموں کی ٹولیاں کمسن بچوں کا اغواء اور اپاہج بناکر ان سے بھیگ منگواتی ہے ۔ لوک سبھا میں آج مملکتی وزیر سماجی انصاف و تفویض اختیارات وجئے سمپلا نے ایک تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔ جبکہ یہ سوال کیا گیاتھاکہ بڑے شہروں میں آیا بھکاریوں کی ٹولیاں چھوٹے بچوں کو معذور بناکر انھیں بھیک مانگنے کیلئے مجبور کررہی ہیں۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ملک بھر میں جملہ 4,13,670 بھکاری پائے جاتے ہیں ان میں 70506 جسمانی معذور ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ ایسی کوئی مصدقہ اطلاعات نہیں ہے کہ بھکاری منشیات کے عادی ہوتے ہیں اگرچیکہ مرکزی حکومت کے پاس بھکاریوں کی بازآبادکاری کیلئے فی الحال کوئی اسکیم نہیں ہے لیکن 20 ریاستوں اور 2 مرکزی زیرانتظام علاقوں میں بھیک مانگنے پر امتناع عائد کیا گیاہے ۔ اور ریاستی حکومتوں نے غیرسرکاری تنظیموں کے تعاون سے ان کی بازآبادکاری کیلئے اسکیمات روبعمل لارہی ہیں۔واضح رہے کہ میڈیا میں اکثر و بیشتر یہ اطلاعات آتی ہے کہ مجرموں کی منظم ٹولیاں کمسن بچوں سے بھیگ منگوانے کیلئے ان کے ہاتھ پیر توڑ دیتے ہیں تاکہ عوام رحم کھاکر زیادہ سے زیادہ بھیک دیں لیکن حکومت نے اس سنگین مسئلہ پر سردمہری اختیار کرتے ہوئے لاعلمی کا اظہار کیا۔