منصوبہ بندی کمیشن کی برخاستگی کی تائید‘ چیف منسٹرس کانفرنس سے چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھرراؤ کا خطاب
نئی دہلی 7 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) ریاست تلنگانہ نے منصوبہ بندی کمیشن کی ازسرنو ہئیت ترکیبی و صورت گیری میں مرکز کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے بالخصوص ’ بائیں بازو کی دہشت گردی‘ جیسے واضح اہم مسائل سے نمٹنے کیلئے چیف منسٹروں پر مشتمل ذیلی گروپوں کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔ منصوبہ بندی کمیشن کے مستقبل پر تبادلے خیال کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے طلب کردہ چیف منسٹرس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کے چیف منسٹر کالوا کنٹلہ چندر شیکھر راو نے آج کہا کہ منصوبہ بندی کمیشن کے بجائے قائم کئے جانے والے نئے ادارے کا رول ایک ’تھنک ٹینک‘ (غور و فکر کرنے والے) ادارہ تک محدود ہونا چاہئے ۔ مسٹر چندر شیکھر راو نے کہا کہ ’’ایک علاقہ یا چند ریاستوں سے متعلق بعض واضح مسائل جیسے ’ گنگا ایکشن پلان‘ یا ’بائیں بازو کی انتہا پسندی‘ ، پر متعلقہ ریاستوں کے چیف منسٹروں کو ذیلی گروپوں میں شامل کیا جانا چاہئے تا کہ وہ ایسے واضح مسائل اور امور پر بات چیت و نمائندگی کرسکیں‘‘۔ ’’کے سی آر نے مزید کہا کہ غور و فکر کرنے والے ادارے کو ہر پالیسی تجویز اور نئی اسکیمات سے حال اور مستقبل پر مرتب ہونے والے اثرات کا خاموشی کے ساتھ جائزہ لینا چاہئے جبکہ صرف ٹیم انڈیا (چیف منسٹروں کی کونسل) فیصلہ سازی کریں۔ مفکر ادارے کو چاہئے کہ وہ تکنیکی معلومات فراہم کریں اور ایک دوست، فلسفی اور رہبر کی حیثیت سے کام کریں‘‘۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ہر ریاست کی نمائندگی پر مشتمل ایک مستقبل سکریٹریٹ قائم کیا جائے تا کہ وہ اپنے بحث مباحثے میں ٹیم انڈیا کی مدد کرسکے ۔