’’کمرگھٹ شربت‘‘ کی عوام میں مقبولیت بڑھنے لگی

حیدرآباد ۔ 22 ستمبر (سیاست نیوز) سنتوش نگر تا چندرائن گٹہ کا راستہ آئے دن کوئی خاص موضوع کی وجہ سے خبروں کی زینت بنا رہتا ہے اور اس مرتبہ اس راستے پر عوام کی ایک بڑی تعداد صحت کیلئے مفید قرار دیئے جانے والے الویرا کے مشروبات پیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویسے تو کئی دہوں سے الویرا کے فوائد سے عوام واقف ہیں لیکن اب مذکورہ راستے پر تازہ تازہ الویرا کا شربت فی کس 40 روپئے فروخت ہورہا ہے جبکہ اس میں خشک میوے جات کے ساتھ دوسرے شربت کی فی گلاس قیمت 100 روپئے مقرر کی گئی ہے۔ الویرا کے اس شربت کو ’’کمرگھٹ‘‘ شربت کے نام سے شہرت مل رہی ہے۔ جڑی بوٹیوں کی دنیا میں الویرا کو ایک خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ اسے مختلف دواؤں میں بھی استعمال کرنے کی بات کہی جاتی ہے لیکن اب اس کے شربت کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور کہا جارہا ہیکہ اس شربت کے بہت سے فوائد ہیں جبکہ نہار اس کا شربت صحت کیلئے سودمند ہے۔ کہا جارہا ہیکہ یہ ہاضمے کیلئے مفید ہے اور پانی سے پیدا ہونے والے امراض کیلئے اسے استعمال کیا جاتا ہے۔ جراثیم کے خاتمہ کیلئے بھی اس شربت کوبھی سودمند قرار دیا جارہا ہے۔ دیگر جن مسائل کیلئے اسے بہتر بنایا جارہا ہے اس میں خون کی کمی دور کرنے میں، ہارمونز کے مسائل، بالوں اور جلد کیلئے انتہائی مفید، قوت مدافعت بڑھانے میں اہم شمار کیا جارہا ہے۔ یہاں شربت فروخت کرنے والے محمد سلیم نے کہا کہ الویرا چینائی اور اس کے اطراف کے دیہاتوں سے لایا جارہا ہے اور صحت کیلئے تیار کئے جانے والے شربت کی تیاری میں الویرا کے ساتھ دہی، شکر، نمک، کالی مرچ، کالانمک اور لیمو کو اس کے ساتھ شامل کرلیا جارہا ہے اور فالودہ کے طرز پر تیار کیا جانے والا یہ شربت لسی کی طرح مزیدار بنتا ہے۔