فوم پنیھ ۔23 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) کمبوڈیا کی پولیس نے چار ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ ’’مادرِ مستعار‘‘ کے فرائض نبھانے کو کمرشیل بناچکے تھے اور مختلف ’’اُمیدواروں ‘‘ کو خطیر رقم کے عوض یہ ’’خدمات‘‘ فراہم کررہے تھے ۔ چار کمبوڈیائی خواتین اور ایک چینی شخص کو ایک مکان سے گرفتار کیا گیا ۔ انسداد انسانی تجارت پولیس کے سربراہ کیوتھیا نے یہ بات بتائی ۔ اور یہ بھی کہا کہ دھاوے کے دوران 33 حاملہ خواتین کو بھی پولیس نے بچالیا جنھیں مذکورہ چینی شخص نے کرائے پر حاصل کیا تھا ۔ حاملہ خواتین کو فی الحال وزارت سوشیل ویلفیر کی تحویل میں دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ کمبوڈیا میں 2016 ء میں ’’تجارت کی غرض سے مادر مستعار‘‘ خدمات پر امتناع عائد کردیا گیا تھا کیونکہ لاولد جوڑوں کے لئے کمبوڈیا ایک مقبول مقام بن چکا تھا جہاں اولاد کی خواہش رکھنے والے کم اخراجات کے ساتھ ایسی خواتین کی خدمات حاصل کرتے تھے جو اُن کے مادہ منویہ کو اپنے رحم میں داخل کئے جانے کے بعد بچے کی شکل میں پروان چڑھایا کرتی تھیں۔ کمبوڈیا کے علاوہ پڑوسی ملک لاؤس میں بھی یہ ’’تجارت ‘‘ عروج پر ہے ۔ کیوتھیا نے مزید کہا کہ تمام پانچ ملزمین کے خلاف کل عدالت میں فرد جرم عائد کی جائے گی اور اُن کی سزا کا تعین کیا جائے گا ۔ گزشتہ سال کمبوڈیا کی ایک عدالت نے کمرشیل سروگیسی خدمات فراہم کرنے پر ایک آسٹریلیائی خاتون اور اُس کی دو کمبوڈیائی ساتھیوں کو دیڑھ سال کی سزائے قید سنائی تھی ۔