حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت۔ چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 10 جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے ریاست میں تعمیر ہونے والے کمانڈ کنٹرول سنٹر کو تمام محکمہ جات کیلئے کارآمد ثابت ہونے والے اسٹیٹ لیول ڈاٹا سنٹر طرز پر فروغ دینے حکمت عملی تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ آج سکریٹریٹ میں چیف سکریٹری نے ملٹی ایجنسی آپریشن سنٹر کے قیام پر اجلاس طلب کرکے تجاویز حاصل کیں۔ ڈاکٹر جوشی نے کہاکہ یومیہ کارروائی کے علاوہ ایمرجنسی کے موقع پر تمام محکمہ جات کیلئے کارآمد ریاستی سطح کے ملٹی ایجنسی آپریشن سنٹر کے طرز پر ترقی دینے مختلف محکمہ جات نے تجاویز پیش کی ہیں۔ تاحال مختلف محکمہ جات کے پاس موجود ڈاٹا کو انٹگریٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کیلئے سافٹ ویر، ڈاٹا بیس کو ترقی دی جائیگی۔ میونسپل، برقی، آبپاشی، پنچایت راج، ٹرانسپورٹ، جے اے ڈی، میٹرو ریل، پلاننگ کے علاوہ دوسرے محکمہ جات کے ڈاٹا سے استفادہ کی سہولت رہے گی۔ محکمہ پولیس کی جانب سے شہر میں لگائے گئے سی سی کیمروں کے تحت کاروں کا کنڈیشن، تعمیری کاموں کے ملبہ کی نکاسی، کچرے کی ٹرانسپورٹنگ، ٹریفک مسائل، نمبر پلیٹ کی نشاندہی کے علاوہ دوسرے کام انجام دیئے جائیں گے۔ ہر محکمہ اپنا ڈاٹا سنٹر مین ڈاٹا سنٹر سے مربوط کریگا جن کو ضرورت کے مطابق استعمال کرنے کی گنجائش رہے گی۔ مختلف محکمہ جات کے ماہرین سے تجاویز حاصل کی جائیں گی جو ڈاٹا وصول ہورہا ہے اس کا جائزہ لینے عملے کا تعین کیا جائے گا۔ اہم پروگرامس کے انعقاد کے موقع پر محکمہ جات ایک دوسرے سے تال میل کرسکتے ہیں۔ مختلف سرکاری اثاثہ جات کی میاپنگ، جیو ٹیاگنگ، موسم کی پیش قیاسی، آبپاشی پراجکٹس میں پانی کی موجودگی، زرعی صورتحال، برقی رکاوٹ، حادثات کے مقامات کی نشاندہی، جنگلات کی صورتحال کے علاوہ دوسری معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔