حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر 5 فروری کو صبح 11 بجے پرگتی بھون میں کلکٹرس کانفرنس طلب کریں گے جس میں اضلاع ہیڈکوارٹرس پر کلکٹرس اور ایس پیز کے آفسوں کی تعمیرات ، اقلیتی و دوسرے پسماندہ طبقات کے ہاسٹلس کے لیے اراضی کی نشاندہی کے علاوہ دوسرے امور پر تفصیلی گفتگو کریں گے ۔ چیف سکریٹری ایس پی سنگھ نے تمام 31 کلکٹرس اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے وقت کی پابندی کریں اور اپنے انتظامی امور کے مسائل پر رپورٹ تیار کرتے ہوئے اجلاس میں پیش کریں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اجلاس میں مختص کردہ اراضیات کلکٹرس اور ایس پیز آفس کے دفاتر کی تعمیرات کے لیے اراضی کی نشاندہی ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولس کے قیام کے لیے اراضیات کی نشاندہی اور عمارتوں کی تعمیرات کے علاوہ ان طبقات کی فلاح و بہبود پر اضلاع سطح پر عمل آوری کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔ یادو طبقات مچھیروں کی فلاح و بہبود ، سینئیر عہدیداروں کی تفصیلات کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔ ارکان اسمبلی کے لیے اسمبلی حلقوں کے ہیڈکوارٹرس پر قیام گاہ و کیمپ آفسوں کی تعمیرات ، ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات ، آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات حصول اراضیات کے علاوہ دوسرے مسائل کا جائزہ لیا جائے گا ۔۔