کلثوم نواز کے کینسر کا کامیاب آپریشن

لندن ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کا لندن کے ایک ہاسپٹل میں گلے کے کینسر کا کامیاب آپریشن کیا گیا ۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کلثوم نواز کا کینسر جسے طبی اصطلاح میں لمفوما کہتے ہیں جو اپنے ابتدائی مرحلہ میں تھا ، کا آپریشن کیا گیا جو کامیاب ثابت ہوا ۔ ڈاکٹرس انہیں ایک یا دو روز کے آرام کے بعد ڈسچارج کردیں گے ۔ اس موقع پر نواز شریف کے بھائی اور صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کلثوم بھابی کی صحت یابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ۔ پاکستان کی سابقہ خاتون اول جن کی عمر 60 سال بتائی گئی ہے ، کے بارے میں یہ پیش قیاسی کی جارہی ہے کہ موصوفہ شاہد خاقان عباسی کی جگہ لے کر ملک کی آئندہ وزیراعظم بن جائیں گی کیوں کہ 17 ستمبر کے ضمنی انتخابات میں وہ قسمت آزمائی کررہی ہیں اور ان کی پاکستان میں غیر موجودگی کے دوران ان کی بیٹی مریم انتخابی مہمات زور و شور سے چلا رہی ہیں ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نا اہل قرار دئیے جانے کے بعد اسمبلی کی جو نشست مخلوعہ تھی ، ضمنی انتخابات اسی مخلوعہ نشست کے لیے منعقد کیے جارہے ہیں ۔ نواز شریف آپریشن کے وقت ہاسپٹل میں موجود تھے تاکہ اپنی اہلیہ کی دلجوئی اور حوصلہ افزائی کرسکیں جو آپریشن سے قبل کچھ نروس اور خوفزدہ تھیں ۔