کشن باغ متاثرین کو ادارہ سیاست و ملت فنڈ سے امداد

پولیس فائرنگ ہلاکتوں کے ورثاء کو فی کس 50 ہزار ،زخمیوں کو 10 ہزارروپئے، جناب زاہد علی خان کا اعلان

٭کرفیو زدہ علاقوں میںراشن کی تقسیم
٭ملت کی خدمت میں ادارہ سیاست اور قارئین ہردم کمربستہ

حیدرآباد۔/15 مئی، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ کشن باغ میں پیش آئے افسوسناک واقعات کے متاثرین کو ادارہ ’سیاست‘ اور ملت فنڈ کی جانب سے امداد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ نے بتایا کہ دو اقلیتی طبقات کے مابین ہوئے اس تصادم کے دوران پولیس فائرنگ میں ہلاک ہونے والے تین مہلوکین کے لواحقین کو فی کس 50ہزار روپئے بطور فوری امداد فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں اب تک موصولہ اطلاعات کے بموجب جو 8 افرادپولیس فائرنگ میں زخمی ہیں انہیں فی کس 20ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جن مکانات کو نذرِ آتش کرتے ہوئے نقصان پہنچایا گیا ہے ان مکانات کے مکینوں کیلئے گھریلو سامان بالخصوص برتن وغیرہ کی خریدی کیلئے فی کس 10ہزار روپئے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایڈیٹر ’سیاست‘ نے بتایا کہ کرفیو سے متاثرہ علاقے میں راشن و اشیائے ضروریہ کے علاوہ دودھ وغیرہ کی تقسیم کو بھی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے بتایا کہ فساد سے متاثرہ علاقے میں جہاں روز مرہ کے کاروبار سے وابستہ مسلمانوں کی بڑی تعداد ہے وہ فساد اور کرفیو کی صورتحال سے پریشان ہیں، انہیں بروقت راحت پہنچانے کے اقدامات کے طور پر راشن کٹس تقسیم کئے جائیں گے جس میں آٹا، چاول، دال، شکر، تیل کے علاوہ دودھ کا پاؤڈر اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہوں گی۔

جناب زاہد علی خاں نے بتایا کہ زخمیوں اور نذرِ آتش ہونے والے مکانات میں برتن وغیرہ کی فراہمی کیلئے مالی امداد ملت ریلیف فنڈ کے ذریعہ کی جائے گی جبکہ پولیس کی گولیوں کا شکار ہونے والے مہلوکین کے افراد خاندان کو شخصی طور پر وہ 50ہزار روپئے کی بروقت امداد پیش کریں گے۔ اس سلسلہ میں جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ سیاست، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روز نامہ سیاست، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روز نامہ سیاست نے مشاورت کے بعد قطعی فیصلہ کیا کہ متاثرین کو بروقت امداد یقینی بنایا جانا اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو اس کی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ اس مشاورتی نشست میں پریمیئر ہاسپٹل کے علاوہ کیئر ہاسپٹل میں زیر علاج زخمیوں کے علاج معالجہ کی مکمل تفصیلات سے آگہی حاصل کی گئی اور مہلوکین کے افراد خاندان کے متعلق تفصیلات حاصل کی گئیں۔ جناب زاہد علی خاں نے بتایا کہ جب کبھی ملت اسلامیہ پر اس طرح کی افتاد آن پڑی تو ادارہ ’ سیاست‘ نے اپنی ملی ذمہ داری کو بخوبی نبھانے کی حتی الامکان کوشش کی ہے خواہ وہ گجرات، ممبئی، مظفر نگر، آسام میں ہونے والے فسادات ہوں یا پھر کشمیر، گجرات یا مہاراشٹرا میں آفات سماوی کے متاثرین میں ادارہ ’سیاست‘ نے قارئین سیاست و شہریان حیدرآباد کے تعاون سے اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔