نیوز ایڈیٹر عامر علی خاں کی قیادت میں غذائی اجناس کی تقسیم
حیدرآباد /16 مئی ( سیاست نیوز ) کشن باغ کے فساد زدہ علاقہ عرش محل میں آج سیاست ملت فنڈ کی جانب سے امداد تقسیم کی گئی ۔ فساد سے متاثرہ اس علاقہ میں گذشتہ تین روز سے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور عوام پریشان حال ہیں ۔ فساد سے متاثرہ اس علاقہ میں بے یار و مددگار عوام میں آج سیاست ملت فنڈ کی جانب سے اجناس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان کی خصوصی ہدایت پر 5 سو مکانات میں اجناس تقسیم کئے اور فرداً فرداً عوام کی دہلیز تک پہونچکر ان کی خیریت دریافت کی ۔ پریشان حال عوام کو دلاسہ دیا ۔ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے فساد متاثرین سے ان کے حالات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی اور کافی وقت فساد متاثرین کے ساتھ گذارا ۔ اس موقع پر جناب عامر علی خان کے ہمراہ دکن وقف پراپرٹیز کے قائد جناب عثمان بن محمد الہاجری اور دیگر موجود تھے ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست نے پولیس فائرنگ میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں سے ملاقات کی اور مکمل اظہار یگانگت کرتے ہوئے انہیں اس بات کا تیقن دلایا کہ سیاست ان کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے واجد علی عرف ولی اور شجاع الدین خطیب عرف توفیق کے افراد خاندان کو مشورہ دیا کہ وہ حالات معمول آنے کے بعد روزنامہ سیاست سے اپنی امداد حاصل کرلیں ۔
انہوں نے فی کس 50 ہزار روپئے دینے کا اعلان کیا اور شجاع الدین خطیب کے افراد خاندان سے تفصیلی بات چیت کی اور انہیں صبر و تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا اور مالی امداد فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ سیاست ملت فنڈ کی جانب سے آج عرش محل میں تقریباً 500 خاندانوں میں امداد تقسیم کی گئی اور مزید مدد کا تیقن دیا گیا ۔ متاثرہ خاندانوں نے جناب عامر علی خان کو علاقہ میں دیکھ کر ان کے اطراف جمع ہوگئے اور اپنے مسائل کو پیش کیا ۔ عوام نے مسائل اور ان پر ڈھائے گئے ظلم و ستم کی داستان پیش کی اور انصاف دلانے کی خواہش کی ۔ واجد علی عرف ولی کی والدہ اور شجاع الدین خطیب کی والدہ اپنی بپتا سناتے ہوئے روٖپڑیں اور پولیس کی زیادتیوں کا تذکرہ کیا ۔ اس موقع پر جناب عثمان الہاجری اور ان کے ساتھیوں نے سیاست ملت فنڈ کی جانب سے انجام دئے گئے امدادی کاموں میں حصہ لیا ۔