کشمیر : پارلیمانی انتخابات کا پہلے مرحلہ،پولنگ کے موقع پر مکمل ہڑتال

سری نگر 11اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں جمعرات کو پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے موقع پر مکمل ہڑتال رہی جس کے نتیجے میں عام زندگی معطل ہوکر رہ گئی۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے ہمہ گیر ’کشمیر بند‘کی کال دی تھی۔ہڑتال کے پیش نظر وادی بھر میں ریل خدمات معطل رکھی گئیں۔ اس کے علاوہ بارہمولہ پارلیمانی حلقہ انتخاب کے تحت آنے والے تین اضلاع بارہمولہ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع رکھی گئیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعرات کو وادی کے بیشتر حصوں بالخصوص گرمائی دارالحکومت سری نگر اور ضلع و تحصیل ہیڈکوارٹروں میں تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند جبکہ سڑکیں سنسان نظر آئیں۔ جموں وکشمیر سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی گاڑیاں اور آٹو رکشے بھی سڑکوں سے غائب رہے ۔ تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج متاثر رہا۔تاہم وادی میں حکام کی طرف سے کسی قسم کی پابندیاں نافذ نہیں رہیں۔ ریاستی پولیس کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ‘وادی میں کہیں کوئی پابندی نافذ نہیں کی گئی ہے ۔ تاہم احتیاطی طورپر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔مشترکہ مزاحمتی قیادت بشمول سید علی شاہ گیلانی (سربراہ حریت گ)، میرواعظ محمد عمر فاروق (سربراہ حریت ع) اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے گذشتہ روز جاری اپنے ایک بیان میں 11 اپریل کو مکمل اور ہمہ گیر ‘کشمیر بند’ کی کال دی تھی جبکہ پارلیمانی الیکشن کے ضمن میں الیکشن کے دن متعلقہ انتخابی حلقے کے اندر مکمل ہڑتال کی کال دے رکھی ہے ۔جمعرات کی ہڑتال اور مکمل کشمیر بند کی وضاحت کرتے ہوئے مشترکہ قیادت نے کہا تھا کہ یہ احتجاجی ہڑتال جمعرات سے شروع ہونے والے پارلیمانی چنا[؟] جس کا آغاز کشمیر میں بارہمولہ انتخابی حلقے سے ہورہا ہے کے خلاف ہے ۔کشمیر انتظامیہ نے علاحدگی پسند قائدین کو کسی بھی الیکشن مخالف ریلی یا جلوس کو منظم کرنے یا کسی بھی ایسے پروگرام کی قیادت کرنے سے روکنے کے لئے پہلے ہی تھانہ یا خانہ نظربند کر رکھا ہے۔

کشتواڑ میں تیسرے دن بھی کرفیو جاری
جموں11اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے لیڈر اور اُن کے ذاتی محافظ کی گذشتہ روز نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد پہاڑی ضلع کشتواڑ میں جمعرات کو لگاتار تیسرے دن بھی کرفیو نافذ رہا۔ضلع اسپتال کشتواڑ میں منگل کے روز نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے آر ایس ایس کے لیڈر چندرا کانت سنگھ اور ان کے ذاتی محافظ راجندر کمار جاں بحق ہوئے۔ حملہ آور مہلوک پولیس اہلکار (ذاتی محافظ) کی سروس رائفل بھی چھین کر فرار ہوگئے۔