سرینگر ۔ 19 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : جموں و کشمیر میں آئے سیلاب میں مہلوکین کی تعداد 277 ہوگئی ۔ اس کے باوجود وزیر اعلی عمر عبداللہ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد اتنی زیادہ نہیں ہوگی جتنی کہ ہمیں خدشہ تھا ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں میں ہلاکتوں کی تعداد 203 ہے جن میں ایک شادی کی بارات میں شریک ہونے والے 44 افراد بھی شامل ہیں جن کی بس سیلاب میں بہہ جانے کی وجہ سے ہنوز لاپتہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچاؤ کاری عملہ نے وادی کے مختلف علاقوں سے اب تک 74 نعشیں برآمد کی ہیں ۔ صرف 44 افراد کے سوائے ریاست کے کسی دیگر علاقہ سے لاپتہ افراد کی زیادہ تعداد سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی کسی کے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کروائی گئی ہے ۔ اگر ایسا ہوتا تو ہمیں اس کی اطلاع مل جاتی کیوں کہ مواصلاتی نظام نے ایک بار پھر کام کرنا شروع کردیا ہے ۔