جموں ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام): جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں آج مقبوضہ پاکستانی کشمیر کے ایک شہری کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ وہ ویکلی بس کے ذریعہ ہندوستانی علاقہ میں داخل ہوگیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ محروس پاکستانی شہری کی تحویل سے جہادی لٹریچر بھی برآمد ہوا ہے ۔ جس کی شناخت محمد اسلم ملک 68 سال ساکن راولپنڈی کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ وہ ضلع راجوری میں اپنے منقسم خاندان سے ملاقات کے لیے یہاں آیا تھا ۔ اس کے لگیج کی اسکریننگ کے دوران بعض جہادی میگزینس پائے گئے ۔ اسے حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی ۔ اسلم ملک کی پیدائش ہندوستان میں ہوئی لیکن 1965 میں مقبوضہ کشمیر منتقل ہوگیا تھا ۔ جس کے بعد وہ دو مرتبہ راجوری کا دورہ کرچکا تھا اور اب یہ تیسرا دورہ تھا ۔ ضابطہ کے مطابق کوئی شخص دو سال میں صرف 3 مرتبہ سفر کرسکتا ہے ۔ ہندوستانی حکام اسے آج ہی مقبوضہ کشمیر واپس بھیج دیں گے ۔۔