جموں ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی ترانہ کی توہین کے بعد ایک اور تنازعہ کھڑا کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے رکن کونسل شوکت حسین غنائی نے حزب المجاہدین کے دہشت گرد برہان وانی کو ’’شہید‘‘ قرار دیا جس پر برسراقتدار پی ڈی پی اور بی جے پی کے ارکان نے پرزور احتجاج کیا۔ پی ڈی پی رکن فردوس ٹاک نے کہا کہ ایسے الفاظ ایوان کونسل میں استعمال نہیں کئے جانے چاہئیں، تاہم غنائی اپنے تبصرہ پر اٹل رہے اور کہا کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور نوجوانوں نے بندوقیں تھام لی ہیں۔ بعدازاں کونسل کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غنائی نے ایک بار پھر کہا کہ ’’برہان وانی شہید ہیں‘‘۔ ہمیں جو بھی خصوصی حقوق حاصل ہیں، مرکزی حکومت ہم کو ان سے محروم کردینا چاہتی ہے۔
نوٹوں کی تنسیخ کیخلاف دہلی میں
این سی پی کا کنونشن
نئی دہلی۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے اعلیٰ مالیاتی نوٹوں کی تنسیخ کے خلاف 9 جنوری کو دہلی میں ایک کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کو ناقابل بیان مصائب کا شکار ہونا پڑا ہے۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری طارق انور نے کہا کہ اس معاشی تباہی کے خلاف این سی پی اس کنونشن کے ذریعہ احتجاج کرے گی۔