کشمیر میں سیکورٹی اسباب سے ریلوے خدمات معطل

سرینگر ۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں سیکورٹی اسباب سے آج پھر سے ریلوے خدمات معطل کردی گئیں۔وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں سیکورٹی فورس کی مبینہ فائرنگ میں تین نوجوانوں کی موت کی مخالفت میں علیحدگی پسندوں کے احتجاج اور ہڑتال کے اعلان کے بعد وادی میں بدامنی کا اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا، جہاں فوج کے ساتھ ایک تصادم میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا اور ایک فوجی زخمی ہو گیا۔ریلوے حکام نے یو این آئی کو بتایا کہ "کشمیر میں سیکورٹی کی وجوہات سے تمام ریلوے خدمات کو معطل کر دیا گیا ہے ۔”انہوں نے کہا شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور سرینگر۔بڈگام کے درمیان کوئی بھی ریلوے سروس نہیں چلے گی۔ اسی طرح جموں میں بڈگام۔سرینگر۔اننت ناگ۔قاضی کنڈاور جموں کے علاقے میں بنیہال کے درمیان بھی ریلوے خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔ریاستی پولیس اور انتظامیہ کے مشورہ کے بعد ریلوے خدمات کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس سے پہلے وادی میں ہڑتال کے دوران اور پر تشدد واقعات کے سبب ریلوے کو زبردست نقصان اٹھانا پڑا تھا۔گزشتہ برس موسم گرما میں تقریبا چھ مہینہ تک ریاست میں بدامنی کا ماحول رہا جس کے سبب وادی میں ریلوے خدمات معطل کی گئی تھیں۔
این ڈی تیواری شریک دواخانہ
لکھنو ۔ 29مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر اترپردیش نرائن دت تیواری کو انفکشن کی شکایات پر یہاں رام منوہر لوہیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں شریک کرایا گیا ہے۔ 91 سالہ لیڈر کو کل شب دواخانہ پہنچایا گیا۔ چیف منسٹر یو پی یوگی ادتیہ ناتھ نے آج اسپتال پہنچ کر اُن کی عیادت کی ۔ ادتیہ ناتھ نے تیواری سے کہا کہ آپ ہمارے لئے اثاثہ ہو۔ چیف منسٹر کی خیرسگالی نے تیواری اور ان کے فرزند روہت شیکھر کو جذباتی بنایا۔ تیواری 19 مارچ کو یہاں ادتیہ ناتھ کی حلف برداری تقریب میں شریک ہوئے تھے۔ رام منوہر لوہیا انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر دیپک مالویا نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ڈاکٹرز اُن کا معائنہ کررہے ہیں۔