۔2 جولائی سے مزید بارش کی پیشن گوئی
سری نگر ، یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں گذشتہ 18 گھنٹوں سے موسم خشک رہنے اور دریائے جہلم سمیت دوسرے چھوٹے بڑے ندی نالوں میں سطح آب بتدریج نیچے آنے کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ اگرچہ فی الوقت ٹل گیا ہے ، تاہم اہلیان وادی پر شدید خوف و ہراس کی کیفیت بدستور طاری ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ 2 جولائی سے 4 جولائی تک مزید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ ریاست میں اتوار کو موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، تاہم اُن کا کہنا ہے کہ 2 جولائی کی شام سے 4 جولائی تک مزید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ ریاست میں گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ قریب دو درجن رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ جنوبی کشمیر اور گرمائی دارالحکومت سری نگر میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح جو خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی تھی، تیزی سے نیچے آنا شروع ہوگئی ہے ۔ انہوں نے بتایا ‘دریائے جہلم جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کو جنوبی اور وسطی کشمیر میں پانی کی سطح ناپنے والے جگہوں سنگم اور رام منشی باغ میں خطرے کے نشان سے اوپر بہنے لگا جس کے بعد جنوبی اور وسطی کشمیر میں سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا تھا ‘۔ ڈویژنل انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ جنوبی اور وسطی کشمیر میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح نیچے آنا شروع ہوگئی ہے ۔