سری نگر23جون (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں ریل خدمات جمعہ کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں۔ یہ خدمات جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ میں ایک مسلح تصادم کے دوران تین مقامی جنگجوؤں کی ہلاکت کے بعد بھڑک اٹھنے والے پرتشدد احتجاجی مظاہروں میں ایک عام نوجوان کے ہلاک ہونے کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے طور پر معطل کردی گئی تھیں۔ریل خدمات کو آج دوسرے بھی معطل رکھنے کا فیصلہ ظاہری طور پر کشمیری علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی طرف سے ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ایک عام نوجوان کی ہلاکت اور 40سے زائد افراد کو زخمی کرنے کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاج کرنے کی کال کے پیش نظر لیا گیا ہے ۔ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ ہمیں انتظامیہ کی جانب سے ریل سروس کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر آج بھی معطل رکھنے کی ہدایت ملی ہے ۔