کشمیر میں رمضان جنگ بندی کامیاب ، صورتحال بہتر ، اعتماد سازی کے اقدامات

سری نگر۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے اعلان شدہ ‘رمضان سیز فائر’ اب تک کامیاب ثابت ہوا ہے اور اس کی بدولت وادی میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام نے ایسے کنبوں کو ایک موقع فراہم کیا ہے جو چاہتے ہیں کہ ان کے بچے (جنہوں نے ہتھیار اٹھائے ہیں) اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئیں۔ پولیس سربراہ نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘رمضان سیز فائر اب تک کامیاب ثابت ہوا ہے ۔ وزیر اعظم (نریندر مودی) کی اس پہل کے نتیجے میں لاء اینڈ آڈر میں بہتری آئی ہے ۔ خاص طور پر جنوبی کشمیر کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ۔ یہ (رمضان سیز فائر) ایسے کنبوں کے لئے اعتماد سازی کا اقدام ہے جو چاہتے ہیں کہ اُن کے بچے واپس لوٹ آئیں’۔ یہ وادی میں ‘رمضان سیز فائر’ کے اعلان کے بعد سے اب تک تیسرا موقعہ ہے کہ جب پولیس سربراہ نے ‘سیز فائر’ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہتھیار اٹھانے والے کشمیری نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئیں۔ پولیس سربراہ نے ‘رمضان سیز فائر’ کے اعلان کے ایک روز بعد یعنی 17 مئی کو کشمیری جنگجوؤں کے والدین سے کہا تھا کہ وہ حکومت ہندوستان کی طرف سے اعلان شدہ ‘رمضان سیز فائر’ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بیٹوں کو تشدد کا راستہ چھوڑ کر واپس اپنے گھروں کو آنے کی اپیل کریں۔