کشمیر میں حالات بتدریج بہتر ، معمول کی سرگرمیاں متاثر

سرینگر ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں آج کسی بھی مقام پر عوامی نقل و حرکت پر کوئی تحدیدات عائد نہیں کی گئی جبکہ تقریباً 3 ماہ سے جاری احتجاج ایسا لگتا ہیکہ اب کمزور ہورہا ہے۔ ان سب کے باوجود مسلسل 87ویں دن بھی علحدگی پسندوں کی ہڑتال کے باعث عام زندگی بری طرح متاثر رہی۔ پولیس کے عہدیدار نے کہا کہ بعض مقامات بشمول بازاروں میں سیکوریٹی فورسیس تعینات کی گئی ہے تاکہ عوام میں اعتماد بحال ہوسکے اور وہ روزمرہ کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور خانگی و پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل وحرکت میں بھی اضافہ ہوا ہے تاہم بسیں نہیں چلائی جارہی ہے۔ شہر کے کئی مقامات پر چلر فروش بنڈی پر اپنی اشیاء جیسے ترکاری، جوس، چائے، میوے، اسنیکس وغیرہ فروخت کررہے ہیں۔