کشمیر میں جنگجوؤں کے حملے ، 2 پولیس ملازمین ہلاک

سری نگر۔ 12 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور اننت ناگ اضلاع میں پیر اور منگل کی درمیانی شب کو جنگجوؤں کی جانب سے سیکورٹی فورسز پر کئے گئے دو مختلف حملوں میں ریاستی پولیس کے 2 اہلکار ہلاک جبکہ سینٹرل ریزو پولیس فورس (سی آر پی ایف ) کے 10 اور ریاستی پولیس کے ایک اہلکار سمیت قریب ایک درجن سیکورٹی فورس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ یہ حملے ماہ رمضان کی مقدس رات ’شب قدر‘ کے دوران کئے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں نے گذشتہ رات ضلع پلوامہ کے نئے کورٹ کمپلیکس کی حفاظت پر مامور ریاستی پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار موقع ہی جاں بحق ہوئے جبکہ تیسرا ایک شدید طور پر زخمی ہوا۔ حملہ آور مارے گئے پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی چھین کر لے گئے ہیں۔ زخمی پولیس اہلکار کو سرینگر کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ دوسرا جنگجویانہ حملہ ضلع اننت ناگ کے جنگلات منڈی علاقہ میں پیش آیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے ایک گروپ نے گذشتہ رات نئے کورٹ کمپلیکس پلوامہ میں قائم پولیس چوکی پر حملہ کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ حملے میں ریاستی پولیس کے دو اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ تیسرا شدید طور پر زخمی ہوا۔ زخمی اہلکار جس کی شناخت پولیس کانسٹیبل منظور احمد ملہ کی حیثیت سے کی گئی ہے ، کو علاج ومعالجہ کیلئے سرینگر میں واقع 92 بیس آرمی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔