سرینگر۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) دنیا کے مختلف حصوں کی طرح وادی کشمیر میں بھی جمعہ کے روز پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیﷺکی ولادت باسعادت کی مناسبت سے منائے جانے والے جشن میلادالنبی ﷺکی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں درجنوں مقامات سے جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں عید میلاد النبی ﷺکی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ نماز جمعہ کے خطبات میں علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے پیغمبر اسلام ﷺکی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میں ہڈیوں کو منجمد کردینے والی سردی کے باوجود لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول ﷺ وعظ و تبلیغ، درود و اذکار ، ختمات المعظمات اور نعت و منقبت میں محو رہے جبکہ دن کے دوران وادی کے اطراف و اکناف میں جشن میلاد کے عظیم الشان جلوس برآمد ہوئے جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ جلوسوں کے راستوں پر جگہ جگہ چائے ، گرم دودھ اور روٹی کا انتظام رکھا گیا تھا۔
اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول ﷺ نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔ درگاہ حضرت بل میں عاشقان رسول ﷺ موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے ۔ درگاہ حضرت بل میں نماز جمعہ کے اجتماع میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی اور موئے پاک کا دیدار کیا ۔ شب خوانی کی مجالس آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ، صورہ، حضرت مخدوم صاحب اور دوسری عبادگاہوں میں بھی منعقد ہوئیں۔ جبکہ خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی ولادت کے ضمن میں منائے جانے والے جشن میلادالنبی کے سلسلے میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ وادی کشمیر جہاں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کئی روز تک جاری رہیں گی، شہر کے تقریباً تمام تجارتی مراکز، مساجد، زیارت گاہوں اور اور دیگر عبادت گاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے ۔