سری نگر ، 2 جون(سیاست ڈاٹ کام) وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے سرفراؤ کنگن میں گذشتہ رات ایک فوجی اہلکار نے اپنے کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کنگن کے سرفراؤ نامی گاؤں میں قائم 24 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے کیمپ میں تعینات حوالدار راجپال سنگھ ولد روپ سنگھ ساکنہ کانپور اترپردیش نے مبینہ طور پر گذشتہ رات اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلائی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فوجی اہلکار کو فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فوجی جوان نے خودکشی کا قدم کیوں اٹھایا۔ انہوں نے بتایا ‘ہم نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ‘۔