کشمیر میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر امریکہ کو تشویش

واشنگٹن۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ہندوستان میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت اور مذہبی اقلیتوں پر انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے تشدد کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کشمیر میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے اور فریقین سے مسئلے کا پر امن نکالنے پر زور دیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق جب جان کربی سے ہندوستان میں مسلمانوں اور دلتوں پر ہونے والے تشدد کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ امریکہ  کو ہندوستان میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت پر تشویش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم آزادی مذہب اور آزادی اظہار رائے کو یقینی بنانے کے لئے ہندوستانی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں اور ہندوستانی عوام کو ان کے تشدد آمیز نظریے کا احساس دلانے کیلئے کام کرتے رہیں گے جو کہ ہندوستان اور امریکہ دونوں کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے اور پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹھہرے میں لایا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں دو مسلم خواتین کو گائے کا گوشت رکھنے کے شبے میں ریلوے اسٹیشن پر مشتعل ہندوؤں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور بعد میں معلوم ہو اتھا کہ گوشت گائے کا نہیں بلکہ بھینس کا ہے۔