جموں ۔ 18 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں اینڈ کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے آج کہا ہے کہ ریاست کے عوام تبدیلی کے خواہشمند ہیں اور حالیہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام ان کی پارٹی کے حق میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عوام روزگار اور بنیادی سہولیات کے طلبگار ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ریاستی عوام تبدیلی کے خواہشمند ہیں اور عوام مجوزہ اسمبلی انتخابات میں ہماری پارٹی کے حق میں ووٹ دیں گے۔ محبوبہ مفتی نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں بی جے پی فرقہ وارانہ موقف اختیار کئے ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر کے عوام کو آج سب سے بڑا چیلنج درپیش ہے کیونکہ بی جے پی فرقہ پرست ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے
اور وہ مسلم برادری میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش میں ہے جس کے باعث ملک کے 20 کروڑ عوام متاثر ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کا آغاز 5 مرحلوں میں 25 نومبر سے عمل میں آئے گا ۔دریں اثناء بی جے پی نے آج کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کیلئے سیاسی دہشت گردی بھی ایک وجہ ہے اور سیاست داں ذاتی مفادات کیلئے عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔ بی جے پی لیڈر اور کشمیری امور کے انچارج مسٹر رمیش ارورہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر عوامل کے ساتھسیاسی دہشت گردی بھی جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کیلئے ذمہ دار ہے اور ہم نہیں چاہتے حالات اس طرح جاری رہے ۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ ریاست میں عوام کا یہ ایقان ہے کہ صرف بی جے پی ہی ریاست کو ترقی اور خوشحالی کی سمت گامزن کرسکتی ہے جبکہ ریاست میں بڑے پیمانہ پر کرپشن کی وجہ سے بیروزگار اور ترقیاتی سرگرمیاں مفلوج اور تعمیراتی پراجکٹس کو روبعمل لانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کی تاریخی اہمیت ہے اور بی جے پی ایک اہم رول ادا کرنے کے موقف میں ہے ۔
ہائیکورٹ میں مایاوتی کے خلاف تحقیقات کی درخواست
لکھنو ۔ 19 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) الہ آباد ہائیکورٹ نے آج مفاد عامہ کی ایک درخواست پر جوابی حلفنامہ داخل کرنے کیلئے اترپردیش حکومت کو 6 ہفتوں کی مہلت دی ہے جبکہ درخواست گزار نے عدالت سے یہ گزارش کی ہے کہ بہوجن سماج پارٹی کے دور حکومت میں یادگاروں کی تعمیر کیلئے اس وقت کی چیف منسٹر مایاوتی کی جانب سے عوامی رقومات کے بیجا استعمال کی تحقیقات کیلئے حکومت کو ہدایت دی جائے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرا چوڈ اور جسٹس کرشنا مراری کی ڈیویژن بنچ نے شیوسینا ترجمان بھرت ناتھ شکلاء کی مفاد عامہ کی درخواست پر یہ احکامات جاری کئے ہیں۔