کشمیر میں بم دھماکہ، 3 افراد زخمی

سری نگر۔ 27؍اپریل (سیاست ڈاٹ کام)۔ سری نگر۔ گلمرگ شاہراہ پر وادیٔ کشمیر میں ایک بم دھماکہ سے کم از کم 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے ترجمان نے کہا کہ ماگم کے مقام پر 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس بم دھماکہ کی وجوہات اور زخموں کی نوعیت کے بارے میں تحقیقات کررہی ہے۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ عسکریت پسندوں نے ماگم چوک میں ایک دستی بم پھینکا تھا جس کی وجہ سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے توثیق کی کہ زخم دھماکو مادّے کی کرچیوں سے آئے ہیں۔ پورے علاقہ میں اس بم دھماکہ کی وجہ سے کشیدگی پھیل گئی، کیونکہ دھماکہ کی آواز مرکزی وزیر فاروق عبداللہ کے انتخابی جلسہ عام کے دوران بھی سنائی دی۔