کشمیر میں برفباری کی وجہ سے کئی شاہراہ بند

سرینگر۔ 30جنوری(سیاست ڈاٹ کام) کشمیر میں پیر کی رات سے مسلسل ہو رہی زبردست برفباری کی وجہ سے کنٹرول لائن کے قریب واقع کئی گاؤوں کی جانب جانے والی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے ۔افسران نے یو این آئی کو بتایا کہ زبردست برفباری کی وجہ سے سادھنا ٹاپ، رازداں درہ، جی گلی اور پھرکیان کی جانب جانے والی سبھی سڑکیں بند کردی گئی ہیں ۔دوار سے پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) کے ایک افسر نے بتایا کہ رازدان درہ کے علاقے میں شدید برفباری ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر تین فٹ تک برف جمع ہو گئی جبکہ باندی پورہ سے سرحدی شہر گریز کی رازدان پاس علاقے میں اس مرتبہ کم برفباری ہونے سے ٹریفک جام ہے۔

ٹرین گارڈس کو بھی مشیر فراہم کرنے کا مطالبہ
نئی دہلی۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ریلوے کی ایک یونین نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرین کے پچھلے حصے میں موجود گارڈس کیلئے بھی ایک کونسلر (مشیر) فراہم کرنے کا خاکہ تیار کیا جائے تاکہ آئے دن ہونے والے ریلوے حادثات کو کم کیا جاسکے۔ نیشنل فیڈریشن آف انڈین ریلوے (این ایف آئی آر) نے ریلوے بورڈ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ٹرین کے ڈرائیورس اور ان کے معاون ڈرائیورس کی کونسلنگ کیلئے مشیر فراہم کئے جاتے ہیں، ٹھیک اسی طرح ٹرین کے آخری حصہ میں موجود گارڈس کیلئے بھی کونسلر فراہم کیا جائے، جس سے ریلوے اور مسافرین کی سلامتی کے حوالے سے انہیں بھی مشورے اور کونسلنگ کا فائدہ مل سکے۔