کشمیر میں انکاؤنٹر، 4 فوجی اہلکار اور 2 عسکریت پسند ہلاک

سرینگر ، 7 اگست (یو ا ین آئی) شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے گریز سیکٹر میں ہونے والے ایک مسلح تصادم میں ایک افسر سمیت 4 فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔ فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلح تصادم میں دو بھاری مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے ۔ دفاعی ترجمان کے مطابق طرفین کے مابین مسلح تصادم پیر اور منگل کی درمیانی شب کو شروع ہوا۔ فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ گریز سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے ۔ دو جنگجو مارے گئے ہیں۔ آپریشن میں ایک افسر اور تین فوجی شہید ہوگئے ہیں۔ آپریشن جاری ہے ۔دفاعی ذرائع نے مہلوک فوجیوں کی شناخت میجر کے پی کمار رانے ساکنہ تھانہ مہاراشٹر، گرینیڈیئر وکرم جیت ساکنہ امبالا ہریانہ، رائفل مین مندیپ سنگھ راوت اور ہمیر سنگھ ساکنان اتراکھنڈ کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ مہلوک فوجی اہلکار 36 راشٹریہ رائفلز (آر آر) سے وابستہ تھے ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ گریز سیکٹر میں بڑے پیمانے کا جنگجو مخالف آپریشن جاری ہے ۔