سرینگر ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر ڈیویژن اور جموں ریجن کے سرمائی زون کے تحت آنے والے دیگر علاقوں میں اسکولوں کو مہینوں تک بند رہنے کے بعد آج پھر سے کھول دیا گیا ہے۔ وادی میں اسکولز بدامنی اور اس کے بعد سرمائی وقفہ کے سبب تعلیمی سال میں بار بار خلل اندازیوں کے باعث بند کردیا گیا تھا۔ تازہ بارش کے باوجود جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی، بچے اپنے یونیفارم پہن کر اسکولوں کو پہنچے تاکہ حصول تعلیم کا احیاء کریں جو گزشتہ سال بدامنی سے شدید متاثر ہوا ہے۔ محکمہ تعلیم کے ایک عہدہ دار نے کہا کہ اسکولوں کو آج طے شدہ پروگرام کے مطابق دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ وادی کی صورتحال اب پُرامن رہے گی، تاکہ طلبہ کا قیمتی تعلیمی وقت پھر سے ضائع نہ ہونے پائے۔
نتیش کی سالگرہ ، وزیراعظم کی مبارکباد
نئی دہلی ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج چیف منسٹر بہار نتیش کمار کو فون کرتے ہوئے انھیں اُن کی 66 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ مودی نے ٹوئٹ کیا، ’’شری نتیش کمار سے بات کیا اور اُن کی سالگرہ پر انھیں مبارکباد دی۔ بھگوان کرے انھیں اچھی صحت کے ساتھ طویل عمر حاصل ہو۔‘‘ جے ڈی (یو) لیڈر نتیش 1951ء میں آج پیدا ہوئے تھے۔ مودی اور نتیش میں تعلقات تلخی بھرے رہے ہیں یہاں تک کہ بہار میں ایک حالیہ ایونٹ میں دونوں نے ایک دوسرے کو سراہا ۔