کشمیر ضمنی چناؤ:ووٹروں کو لبھانے کیلئے اردو کا استعمال

سرینگر ، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وادئ کشمیر کی دو پارلیمانی نشستوں سری نگر اور اننت ناگ کے لئے بالترتیب 9 اور 12 اپریل کو منعقد شدنی پارلیمانی ضمنی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتیں جہاں اپنے امیدواروں کے حق میں کھل کر مہم چلانے سے قاصر ہیں، وہیں ان سیاسی جماعتوں نے اب اخباری اشتہارات کے ذریعے رائے دہندگان کو لبھانا شروع کردیا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان اشتہارات کے ذریعے رائے دہندگان کو لبھانے کے لئے صرف اردو زبان استعمال کی جارہی ہے ۔ یو این آئی نے گذشتہ پانچ دنوں کے دوران وادی سے شائع ہونے والے قریب ایک درجن اخبارات میں چھپنے والے انتخابی اشتہارات کے متن کا تجزیہ کیا اور اس تجزیے سے یہ بات سامنے آئی کہ صد فیصد اشتہارات میں اردو کا استعمال کیا گیا تھا۔ یہاں تک کہ انگریزی زبان کے اخبارات میں چھپنے والے انتخابی اشتہارات میں بھی اردو کا ہی استعمال کیا گیا تھا۔