کشمیر سیلاب :چیف منسٹر کی مرکز سے فوجی مدد کا مطالبہ سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ کا مرکز پر اظہار ناراضگی

جموں /سرینگر 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے آج کہا کہ وادی کشمیر میں سیلاب کی وجہ سے باڈگام میں ایک مکان منہدم ہوگیا جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا اور دیگر 10 اس کے ملبے میں پھنس گئے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ طور پر باہر نکال لیا جائے گا تاہم انہوں نے کہا کہ فی الحال کچھ بھی یقین کے ساتھ نہیںکہا جاسکتا ۔ مفتی محمد سعید نے فوج سے خواہش کی کہ وہ تائید اور مدد فراہم کرے ۔ افرادی طاقت پر مشینیں سیول انتظامیہ کو فراہم کی جائیں تا کہ وادی کشمیر میں سیلاب کی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جاسکے ۔ انہوں نے ایک جائزہ اجلاس بھی کل شام اپنی صدارت میں منعقد کیا تھا اور اس میں فوج کے نمائندے نے چیف منسٹر کو تیقن دیا تھا کہ فوج ہر ضرور ی مدد حکومت کو فراہم کرے گی تا کہ سیلاب کے خطرے سے نمٹا جاسکے ۔ سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ قائد نیشنل کانفرنس نے مرکز پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست کی مدد کیلئے کافی اقدامات نہیںکررہا ہے ۔ انہو ںنے نریندر مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ گذشتہ سال سیلاب سے متاثرہ افراد کی اب تک باز آباد کاری نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام سیلاب کی صورتحال پر سیاست نہیںکررہے ہیں اور عوام کو ایک بار پھر دوسرے سانحہ کا سامنا ہے ۔