سری نگر۔27مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں میرواعظ مولوی عمر فاروق کی قیادت والی حریت کانفرنس نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اس سے جڑے سبھی فریقین کے درمیان ایک بامعنی مذاکراتی عمل کی وکالت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت ہندوستان کی مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اختیار کردہ سوچ اور پالیسی اس بات کی عکاس ہے کہ ہندوستان کی سیاسی قیادت اس مسئلہ کو دھونس دباؤ اور طاقت کے بل پر حل کرنے کے درپے ہے ۔حریت کانفرنس کے مطابق کشمیر جیسے سیاسی اور انسانی مسئلہ کو فوجی طاقت سے عبارت پالیسی کے بجائے مسئلے سے جڑے فریقین کے درمیان ایک بامعنی مذاکراتی عمل سے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔حریت کانفرنس کے ایک ترجمان نے منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی ایگزیکٹیو کونسل، جنرل کونسل اور ورکنگ کمیٹی کا ایک غیر معمولی اجلاس حریت چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق کی صدارت میں حریت صدر دفتر پر منعقد ہوا۔