سرینگر، 25اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کشمیری مسلمانوں نے ایک بار پھر مذہبی ہم آہنگی، اخوت ، انسانیت نوازی اور کشمیریت کی عمدہ مثال قائم کرتے ہوئے ایک مقامی کشمیری پنڈت خاتون کی آخری رسومات سرانجام دیں۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے تراپڑپورہ نامی گاؤں کے تریلوکی ناتھ وانگو کا خاندان اُن سینکڑوں کشمیری پنڈت خاندانوں کی طرح ہے ، جو گذشتہ تین دہائیوں کے نامساعد حالات کے دوران بھی کشمیر میں ہی مقیم رہے اور اپنے ہمسایہ مسلم برادری کے دُکھ سُکھ میں شامل حال رہے ۔پیر کو تریلوکی ناتھ کی اہلیہ کا جب مختصر علالت کے بعد انتقال ہوا، تو قریب 300 مقامی مسلمانوں نے نم آنکھوں سے اُن کی آخری رسومات کا سارا انتظام خود کیا۔
شوبھا نہرو نہیں رہیں
شملہ، 25اپریل(سیاست ڈا ٹ کام) ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی عزیز اور دی ٹریبیون اخبار کی ٹرسٹی شوبھا نہرو کا آج ہماچل پردیش کے سولن ضلع کے کسولی شہر میں انتقال ہوگیا۔وہ 109سال کی تھیں۔ شملہ کے ضلعی رابطہ عامہ افسر نے بتایا کہ آنجہانی نوکرشاہ اور سیاست داں بی کے نہرو کی اہلیہ شوبھا نہرو کا آج صبح پانچ بجے انتقال ہوگیا۔ محترمہ نہرو ایک یہودی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ انہوں نے بعد میں اپنا نام شوبھا نہرو رکھ لیا تھا۔ان کی آخری رسومات کسولی میں ادا کی جائیں گی۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کئی بار محترمہ نہروسے ملاقات کرنے کے لئے یہاں آ چکے ہیں۔