کشمیری طلبہ کی سلامتی کو یقینی بنائیں یوگی سے گورنر ستیہ پال کی اپیل

سرینگر، 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گورنر جموں و کشمیر ستیہ پال ملک نے جمعہ کو چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ سے خواہش کی کہ اپنی ریاست کے تعلیمی اداروں میں کشمیری اسٹوڈنٹس کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنائیں۔ گورنر نے ادتیہ ناتھ سے بات کی جبکہ ایک روز قبل ایک کشمیری طالب علم کو گریٹر نوئیڈہ کی شاردا یونیورسٹی میں مارپیٹ کی گئی تھی۔ ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ گورنر نے جمعہ کو چیف منسٹر اترپردیش سے بات کی، اور اُن سے اپیل کی کہ ریاست کے تعلیمی اداروں میں کشمیری طلبہ کو محفوظ اور سلامت ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ جمعرات کے واقعہ میں طالب علم کو مارا پیٹا گیا جبکہ یونیورسٹی میں ہندوستانی اور افغانستانی طلبہ کے گروپوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس پر پولیس نے فساد مچانے اور متعلقہ جرائم پر زائد از 350 اسٹوڈنٹس کے خلاف مقدمہ درج کیا۔