ڈیلیوری کے لیے معاوضہ نہ لینے پر انڈیگو ایرلائنز سے جناب زاہد علی خاں کا اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر : وادی کشمیر میں سیلاب نے جو تباہی مچائی ہے اس کی نظیر گذشتہ سو سال کی تاریخ میں نہیں ملتی ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سیلاب میں مرنے والوں کی تعداد تقریبا 300 تک جا پہنچی ہے ۔ صرف علاقہ جموں میں ہی 203 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ ان میں 44 باراتی بھی شامل ہیں جو ضلع راجوری میں بس کے بہہ جانے کے نتیجہ میں لاپتہ ہوگئے تھے ۔ جہاں ریاست میں زبردست جانی نقصان ہوا ہے وہیں کروڑہا روپئے مالیتی سرکاری و خانگی املاک تباہ ہوگئی ۔ اگرچہ سیلاب کی شدت میں کمی آچکی ہے اس کے باوجود آج بھی عارضی پناہ گاہوں میں رہ رہے کشمیر گرم بستروں ، ملبوسات اور کھانے پینے کی اشیاء سے محروم ہے ۔ ریاستی حکومت نے مرکز اور دیگر ریاستوں کے تعاون سے بڑے پیمانے پر راحت کاری کا آغاز کردیا ہے ۔ روزنامہ سیاست نے اپنے مصیبت زدہ کشمیری بھائیوں کی مدد کے لیے سیاست کشمیر ریلیف فنڈ قائم کیا ہے اور اس سلسلہ میں عوام کا حوصلہ افزاء ردعمل حاصل ہوا ہے ۔ سیاست کے ملت فنڈ کے ذریعہ گذشتہ چند یوم کے دوران شیرخوار بچوں کے لیے دودھ ، پیمپرس ، اور دیگر اشیاء کے علاوہ ذیابیطس سے متاثرہ مریضوں کو راحت پہنچانے 65806 انسولین انجکشن اور سرنجس روانہ کئے گئے ہیں ۔ یہ اشیاء آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس بلال نازکی کے فرزند محفوظ نازکی اور دیگر با اثر شخصیتوں کی نگرانی میں سری نگر کے متاثرہ علاقوں میں تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے ۔ کیمپوں میں مقیم متاثرہ افراد میں ادویات کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے 2 لاکھ روپئے مالیت کی مزید ادویات روانہ کرنے کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ انڈیگو ایرلائنز کی جانب سے ریلیف میٹرئیل بلا معاوضہ وادی کشمیر پہنچایا جارہا ہے ۔ انڈیگو ایرلائنز کے اس جذبہ خیر سگالی کی ستائش کرتے ہوئے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے انڈیگو ایرلائنز سے اظہار تشکر کیا ۔ واضح رہے کہ کشمیر کے متاثرین کی مدد کے لیے سیاست کی اپیل کے ساتھ ہی ملک اور بیرون ملک سیاست کے قارئین نے غیر معمولی حوصلہ افزاء ردعمل کا اظہار کیا ۔۔