سرینگر ۔ یکم جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) کشمیر میں خشک موسم برقرار ہے اور رات کا اقل ترین درجہ حرارت سردی کی لہر سے معمولی سے راحت دینے کے باوجود اب بھی کافی کم ہے ۔ اس علاقہ میں سب سے طویل خشک موسم گذشتہ 40سال سے دیکھا جارہا ہے کیونکہ گذشتہ پانچ ماہ سے بارش میں بہت کمی دیکھی گئی ہے ۔ اس علاقہ میں رات کا درجہ حرارت علاقہ لہہ میں گذشتہ رات منفی 11.5درجہ سلسیس تھا جو کل رات منفی 7درجہ سلسیس ہوگیا ۔ وادی کے دو مقامات قاضی گنڈ اور کوکر ناگ میں رات کے درجہ حرارت میں معمولی سا اضافہ ہوا ۔ سرینگر میں رات کا درجہ حرارت 4.3 درجہ سلسیس تھا ۔ پہل گام میں درجہ حرارت منفی 4.3 درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب گہری کہر کی وجہ سے ریاستوں پنجاب اور ہریانہ میں کئی مقامات پر آج حدبصارت میں کمی واقع ہوئی جب کہ اقل ترین درجہ حرارت اوسط سے چند درجہ کے اطراف برقرار رہا ۔ ہریانہ کے شہر امبالہ میں 10.1 ‘ کرنال میں 8.5 ‘ ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں 8.8 ‘ پٹیالہ میں 9.2درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ کئی مقامات پر دونوں ریاستوں میں اقل ترین درجہ حرارت اوسط درجہ حرارت کے آس پاس تھا ۔ محکمہ موسمیات کے پیش قیاسی کے بموجب کہر کی وجہ سے حدبصارت کل صبح بھی کم رہے گی ۔ بعض مقامات جیسے ہریانہ میں حصار اور کرنال اور پنجاب میں لدھیانہ میں کہر کی کثافت میں کمی کا امکان ہے ۔