کشمیرمیں3 ماہ میں 6 نوجوانوں نے ہتھیار اٹھالئے

سری نگر۔28مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں مقامی نوجوانوں کے عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے کے رجحان میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بالخصوص فیس بک پر دو نوجوانوں کی ہاتھوں میں اے کے 47تھامے تصویریں وائرل ہوگئی ہیں اور ان تصویروں کے کیپشنز میں مذکورہ نوجوانوں کی شناخت اور تنظیم کا نام ظاہر کیا گیا ہے ۔ اس طرح سے گزشتہ تین ماہ کے دوران عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر 6 ہوگئی ہے ۔ ان میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے نو منتخب چیئرمین محمد اشرف صحرائی کا فرزند جنید اشرف خان اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا ریسرچ اسکالر منان بشیر وانی بھی شامل ہیں۔سیکورٹی ایجنسیاں کشمیری نوجوانوں کی عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت میں اضافے کو پہلی ہی تشویش ناک قرار دے چکی ہے ۔ ان کے مطابق کشمیری نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہتھیار اٹھانے پر تیار کیا جاتا ہے ۔