سری نگر17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مشترکہ مزاحمتی قیادت کی معلنہ پڑتال کے پیش نظر کشمیر انتظامیہ نے شہر خاص کے نوہٹہ علاقے میں جامع مسجد میں نماز جمعہ کی اجازت نہیں دی۔اطلاعات کے مطابق انتظامیہ نے تاریخی مسجد کو مقفل کرکے نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ مسجد کے تمام دروازوں کو مقفل کیا گیا تھا اور اس کے گرد وپیش بھاری تعداد میں سیکورٹی فورسز تعینات کی گئی تھی تاکہ کوئی شخص مسجد میں داخل نہ ہوسکے ۔حریت کانفرنس کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر قدغن کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا ‘ماہ رمضان میں وادی کی جامع مسجد مقفل اور محاصرے میں رہی، ہزاروں فرزندان توحید کو وہاں نماز ادا کرنے کے حق سے محروم رکھا گیا، ایسے اقدام سے لوگوں کے مذہبی حقوق تلف ہوتے ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے ‘۔دریں اثنا مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر وادی کی درجنوں مساجد، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد حالیہ ہلاکتوں اور سمبل سانحہ کے خلاف لوگوں نے احتجاجی جلوس بر آمد کئے ۔