سیمالنگون ( انڈونیشیا) ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا میں ایک آتش فشائی جھیل میں کشتی کے ڈوبنے سے لاپتہ افراد کی تعداد بڑھکر 178 ہوگئی ۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ روز کے مقابل لاپتہ افراد کی تعداد تین گنا ہوگئی تاہم تلاشی اور بچاؤ کاری ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ اب تک یہ بتانا مشکل ہے کہ حادثہ کا شکار ہوئی کشتی میں کتنے لوگ سوار تھے ۔ کشتی لکڑی سے بنائی گئی تھی جو پیر کے روز جھیل طوبا کے قریب غرقاب ہوگئی تھی جو ایک مقبول اور پسندیدہ سیاحتی مقام ہے ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کشتی کے مالک کے پاس اُسے چلانے کا لائیسنس نہیں تھا اور وہ غیرقانونی طورپر چلائی جارہی تھی جہاں سوار ہونے والے مسافرین کو ٹکٹ بھی جاری نہیں کئے جاتے تھے ۔ کشتی میں مسافرین کے علاوہ درجنوں موٹر سائیکلوں کو بھی لادا گیا تھا ۔ اگر لاپتہ افراد کی تعداد کی توثیق ہوگئی تو یہ انڈونیشیاء کا اب تک کا بدترین آبی حادثہ ہوگا۔