کسان کی خودکشی : تفصیلات بتانے سے دہلی پولیس کا انکار

نئی دہلی 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )دہلی پولیس نے عام آدمی پارٹی ریالی کے دوران ایک کسان کی خودکشی کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو تفصیلات اور ثبوت بتانے سے آج انکار کردیا۔ ڈی ایم نے ایک مکتوب جاری کرتے ہوئے اس معاملہ کی تفصیلات پیش کرنے کیلئے صبح 11 بجے تک کی مہلت دی تھی۔ چہارشنبہ کو عام آدمی پارٹی کی ریالی میں راجستھان کے کسان گجیندر سنگھ نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی جس کی دہلی حکومت نے مجسٹریل انکوائری کا حکم دیا تھا ۔ دہلی حکومت نے اس تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے پولیس سے تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن پولیس نے قانونی عذر بتاکر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی درخواست کو مسترد کردیا ۔ اس کیس کے سلسلہ میں دہلی پولیس کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ صبح 11 بجے تک ثبوت پیش کریں ۔ تاہم دہلی پولیس کے ترجمان راجن بھگت نے کہا کہ پولیس کو تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت اس مسئلہ کی تحقیقات کا اختیار حاصل ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ دہلی پولیس ایکٹ پر بھی وہ کام کرتی ہے ۔ اگر کسی کو کوئی شبہ ہو تو ہم اس بارے میں قانونی رائے حاصل کریں گے۔ انہوں نے کسان کی خودکشی سے متعلق تحقیقات کے دوران حکومت اور پولیس کے درمیان مواصلات و رابطہ کا فقدان پایا جاتا ہے ۔ اس تعطل کے درمیان پولیس کو یہ مراعات حاصل ہے کہ وہ اپنی تحقیقات کو منکشف نہ کریں جبکہ یہ سیاسی اور انتظامی معاملہ ہے۔ تاہم پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تقریبا 7 ہزار کیسس ہر سال غیر فطری اموات کے رونما ہوتے ہیں ۔ دارالحکومت دہلی میں ایسی اموات کی تحقیقات صرف پولیس کرتی ہیںاور حکومت ان تمام کیسوں میں ہر گز دلچسپی نہیں دکھاتی ۔ ایسے میں آخر حکومت مجسٹریل انکوائری کرانا کیوں چاہتی ہے جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرلیا ہے۔