کسانوں کے ساتھ ہمدردی میں کانگریس و تلگو دیشم کے مگرمچھ کے آنسو

ہر مسئلہ پر سیاست کرنا اپوزیشن کی عادت ، ٹی آر ایس ایم ایل سی کے پربھاکر
حیدرآباد ۔ 3۔اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کانگریس اور تلگو دیشم پر کسانوں کی ہمدردی میں مگرمچھ کے آنسو بہانے کا الزام عائد کیا ۔ پارٹی کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے دورہ حکومت میں کسانوں کے مسائل کو نظرانداز کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس دور حکومت میں 35 ہزار کسانوں نے خودکشی کی تھی لیکن اس وقت کی کانگریس حکومت اور کانگریس قائدین کو مرنے والے کسانوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہوئی لیکن آج وہ کسانوں سے ہمدردی کے نام پر اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف الزام تراشی کر رہے ہیں۔ پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے کسانوں کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ 17 ہزار کروڑ سے زائد کے بقایہ جات کو معاف کیا گیا ۔ پربھاکر نے کہا کہ کانگریس قائدین کسانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں اور حکومت کے خلاف مشتعل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کی حکومت ہر ممکن مدد کرے گی اور کسانوں کا تحفظ کیا جائے گا ۔ فصلوں کے نقصانات کی پابجائی حکومت کی جانب سے کی جائے گی ۔ پربھاکر نے کہا کہ کسانوں کے حق میں حکومت کے اقدامات کو دراصل کانگریس قائدین برداشت نہیں کر رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ تلنگانہ کے کسان ہمیشہ کی طرح مسائل میں گھرے رہیں تاکہ انہیں سیاست کرنے کا موقع ملے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسئلہ پر سیاست کرنا اپوزیشن جماعتوں کی عادت بن چکی ہے۔ بارش ، آبپاشی پراجکٹس اور فصلوں کو نقصانات پر سیاست کرتے ہوئے کانگریس اور تلگو دیشم عوامی ہمدردی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ عوام دونوں پارٹیوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں اور وہ مزید بہکاوے میں آنے والے نہیں۔