کسانوں کے تعلق سے ٹی آر ایس حکومت کی مجرمانہ غفلت ۔ پردیش کانگریس کا الزام

حیدرآباد 31 جولائی ( این ایس ایس ) تلنگانہ پردیش کانگرسے کمیٹی نے ریاست میں کسانوںکی خود کشی کے واقعات پر ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے چار سال کے اقتدار میں تلنگانہ بھر میں جملہ 4,500 کسانوں نے خود کشی کرلی ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے ترجمان ڈی شراون نے ایک بیان میں کہا کہ ریاستی حکومت کی مجرمانہ لا پرواہی کی وجہ سے کسان خود کشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ریتو بیمہ اسکیم صرف کسانوں کو بیوقوف بنانے کیلئے شروع کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف 11 لاکھ کسان اس اسکیم کے تحت اہل قرار پاتے ہیں کیونکہ اس میں عمر کی حد لاگو کردی گئی ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر تنقید کی کہ جن کسانوں کی فصلیں طوفانی ہواؤں اور بارش کی وجہ سے متاثر ہوگئی ہیں انہیں بھی حکومت کی جانب سے انشورنس فراہم نہیں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں سے انصاف کرنے کی بجائے ص رف تشہیری حربے اختیار کر رہی ہے جو حقیقت سے بعید ہیں۔