حیدرآباد 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری تلنگانہ کمیونسٹ پارٹی اسٹیٹ کمیٹی مسٹر ایس وینکٹ سوامی نے بتایا کہ ریاست میں ’’کسانوں کے خودکشی واقعات کو روکنے ۔ مسائل کی یکسوئی کے لئے جدوجہد‘‘ کے مطالبہ پر 10 اکٹوبر کو حیدرآباد میں ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور حیدرآباد میں منعقد شدنی جلسہ عام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی غرض سے 6 اکٹوبر کو ضلع میدک میں، 7 اکٹوبر کو ضلع رنگاریڈی کے وقارآباد میں اور 8 اکٹوبر کو ضلع نلگنڈہ میں کسانوں کے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیاکہ وہ کسانوں کو درپیش مسائل کی یکسوئی میں بالکلیہ ناکام ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں کسان خودکشی کی راہ اپنانے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ کسانوں کے قرضہ جات کی یکمشت معافی کا اعلان کرے۔