کسانوں کیلئے پانچ لاکھ انشورنس پر 15 اگست سے عمل آوری

زرعی شعبہ کی بھلائی میں تلنگانہ سرفہرست، وقار آباد میں ہریش راؤ کا دورہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ 15 اگست سے پٹہ دار پاس بک رکھنے والے تمام کسانوں کیلئے انشورنس اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ کسان کی موت کی صورت میں پسماندگان کو 5 لاکھ روپئے انشورنس کی رقم ادا کی جائے گی ۔ تلنگانہ حکومت نے رعیتو بندھو کی طرح انشورنس کی منفرد اسکیم شروع کی ہے۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں اس طرح کی اسکیمات موجود نہیں۔ ہریش راؤ نے آج وقار آباد ضلع کے نواب پیٹ منڈل میں برقی سب اسٹیشن اور ایس سی کمیونٹی ہال کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے کسانوںکی بھلائی کیلئے جو قدم اٹھائے ہیں اس کی نظیر ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ کسانوںکو قرض کے بوجھ سے بچانے کیلئے رعیتو بندھو اسکیم کا آغاز کیا گیا جس کے تحت دونوں فصلوں کیلئے فی ایکر 4000 روپئے کی امداد فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی کابینہ نے کسانوں کے انشورنس اسکیم کی منظوری دی ہے جس پر 15 اگست سے عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر کے سی آر کو کسانوں کا ہمدرد قرار دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کے ذریعہ فصلوں کو پانی سیرآب کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی مفت سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیگر ریاستوں کے کسان اپنی حکومتوں پر دباؤ بنارہے ہیں کہ وہ تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ ہریش راؤ نے چنچل پیٹ موضع میں 643 کسانوں نے رعیتو بندھو اسکیم کے تحت 80 لاکھ روپئے کے چیکس تقسیم کئے ۔ مقامی افراد نے موضع میں بینک کے قیام کا مطالبہ کیا جس پر ہریش راؤ نے ضلع کلکٹر عمر جلیل کو ہدایت دی کہ وہ اس مسئلہ کا جائزہ لیں۔ ہریش راؤ کے دورہ کے موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی مقامی عوامی نمائندوں کے علاوہ ضلع کلکٹر سید عمر جلیل موجود تھے۔