نئی دہلی ۔ 22 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج یہ الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی انتہائی دولتمند افراد کیلئے اپنی حکومت چلارہے ہیں اور کسانوں کیلئے نقصان دہ تحویل اراضی آرڈیننس نافذ کرنے میں حد سے زیادہ عجلت پسندی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے فروری کے اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد آج کسانوں کی ریالی سے مخاطب کرتے ہوئے نریندر مودی کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا۔ تاہم اس ریالی پر غم و اندوہ کے بادل چھاگئے، جب راجستھان کا ایک کسان چیف منسٹر کے روبرو ایک درخت سے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ کجریوال نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت نے کسانوں کے ساتھ دغابازی کی ہے جن کے ووٹوں سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں نے نریندر مودی پر اعتماد کیا تھا اور ووٹ دیکر انہیں اقتدار میں لایا تھا لیکن اب حکومت اندرون ایک سال اعتماد سے محروم ہوگئی ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ آج ہزارہا کسان تحویل اراضی بل کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نریندر مودی حکومت کسان دشمن ہے اور یہ مٹھی بھر کروڑ پتی افراد کی حکومت ہے اور اراضی بل انتہائی دولتمندوں کے حق میں لایا جارہا ہے جو کہ مودی کے اطراف 24 گھنٹے چکر لگاتے ہیں۔ انہوں نے یہ وضاحت طلب کی کہ آرڈیننس جاری کرنے کی ایسی کیا عجلت تھی جس کے ذریعہ ہنگامی ایمرجنسی اختیارات حاصل ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے یہ سوال اٹھایا کہ سارے ملک کے عوام کو یہ معلوم کرنے کا حق ہے کہ یہ آرڈیننس اداروں میں کیوں نافذ کیا جارہا ہے ۔
آیا کوئی پراجکٹ ہے جس پر عمل آوری میں کوئی رکاوٹ درپیش ہے۔ اگر ایسی کوئی بات نہیں ہے تو یہ عجلت پسندی کس لئے ہے؟ مسٹر اروند کجریوال نے یہ تیقن دیا کہ دہلی میں کسانوں کی مرضی کے خلاف کوئی اراضی زبردستی حاصل نہیں کی جائے گی اور بتایا کہ اب ہمیں کسانوں سے یہ معلوم کرنا چاہئے کہ وہ اپنی زمین کیوں فروخت کرنا چاہتے ہیں یا پھر کیوں خودکشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو فصل کی منافع بخش قیمت حاصل نہ ہونے پر وہ خودکشی کیلئے مجبور ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر نے آج کی ریالی میں ایک کسان کی خودکشی کیلئے حکومت راجستھان اور دہلی پولیس کو مورد الزام ٹھہرایا اور کہا کہ اگر حکومت راجستھان مناسب معاوضہ ادا کرتی تو وہ انتہائی ا قدام نہیں کرتا اور جب ہم دہلی پولیس سے کہا کہ ایک درخت میں پھنسے ہوئے کسانوںکو نیچے اتاریں اگرچیکہ دہلی پولیس ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے لیکن پولیس میں انسانیت کا جذبہ ہونا چاہئے ۔ مذکورہ ریالی سے ڈپٹی چیف منسٹر من یش سیسوڈیا ، سینئر عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ ، اشوتوش کمار وشواس ، اشیش کیتھار نے بھی مخاطب کیا اور بتایا کہ اس خطرناک قانون کے خلاف پارٹی شد و مد سے جدوجہد کرے گی ۔ ریالی میں چھتیس گڑھ ، جھارکھنڈ ، پنجاب ، ہریانہ ، اڈیشہ ، بنڈ لکھینڈ، پروآنچل کے کسانوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔
دہلی میں گیس سلینڈر دھماکہ ،عمارت منہدم
نئی دہلی ۔ 22 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں کل ایک گیس سلینڈر کے دھماکہ سے 3 منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جس میں 8 افراد زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ مغربی دہلی کے علاقہ موتی نگر میں پیش آیا ۔ دہلی فائر سرویس کے عہدیدار نے بتایا کہ گیس سلینڈر پھٹ جانے سے 3 منزلہ عمارت ڈھیر ہوگئی۔