حیدرآباد۔ 26 مارچ (این ایس ایس) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ بی ونود نے کہا کہ مستقبل قریب میں کریم نگر ایک بہت بڑا تفریحی مقام میں تبدیل ہوگا جبکہ کریم نگر کو اسمارٹ سٹی میں بدلنے کیلئے ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ رکن پارلیمنٹ آج یہاں کریم نگر کے ڈاکٹرس کالونی میں سی سی کیمروں کے آغاز کے بعد مخاطب تھے۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ مرکز کی جانب سے کریم نگر کو اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ونود نے مزید کہا کہ مرکز نے اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے کریم نگر کو منتخب کیا ہے جس پر ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ مرکز کی تجویز سے کریم نگر میں عالمی معیار کی بنیادی سہولتیں بھی دستیاب ہوں گی۔انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ عوامی مقامات جیسے تعلیمی ادارہ جات، ہاسپٹلس ، فنکشن ہالس ، شاپنگ مالس ، مساجد و منادر اور دیگر مقامات پر بھی سی سی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔