آئی پی ایس آفیسرس اسوسی ایشن کا احتجاج، الیکٹورل آفس میں شکایات
بھوپال 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے ذرائع نے کہا ہے کہ مہاراشٹرا اے ٹی ایس کے سابق سربراہ ہیمنت کرکرے کے بارے میں بی جے پی امیدوار سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے تبصروں کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور یہ مسئلہ زیرتحقیقات ہے۔ آئی پی ایس آفیسرس اسوسی ایشن نے آنجہانی افسر کرکرے کے خلاف بھوپال میں بی جے پی امیدوار کے تبصروں کی مذمت کی ہے۔ اس اسوسی ایشن نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’اشوک چکرا ایوارڈ یافتہ آنجہانی سری ہیمنت کرکرے آئی پی ایس نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے عظیم قربانی دی تھی۔ ایک انتخابی امیدوار کی طرف سے دیئے گئے اہانت آمیز بیان کی ہم تمام وردی پوش افسران مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے تمام شہیدوں کی قربانیوں کا احترام کیا جائے۔ دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے بھی پرگیہ کے ریمارکس کو نازیبا تبصرے قرار دیتے ہوئے مذمت کی اور کہاکہ بی جے پی اب اپنے صحیح رنگ دکھارہی ہے اور ہمیں اس کا صحیح مقام دکھادینا چاہئے۔