کرپٹ جگن سیاست کے لیے موزوں نہیں

تلگو دیشم کے ایم ایل سی سومی ریڈی چندرا موہن ریڈی کا بیان
نیلور ۔ 26 ۔ فروری : ( این ایس ایس ) : وائی ایس آر سی پی کے صدر جگن موہن ریڈی کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی کے ایم ایل سی سومی ریڈی چندرا موہن ریڈی نے آج کہا کہ جگن موہن ریڈی سیاست کے لیے موزوں نہیں ہیں کیوں کہ وہ کرپشن کیسیس کا سامنا کررہے ہیں ۔ یہاں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے سومی ریڈی نے کہا کہ جگن یہ پروپگنڈہ کررہے ہیں کہ وہ ریاست کے چیف منسٹر بنیں گے لیکن انہیں سوچنا چاہئے کہ دو سال کے بعد وہ کہاں ہوں گے ۔ تلگو دیشم پارٹی کے ایم ایل سی نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی تلگو دیشم پارٹی میں شامل ہورہے ہیں کیوں کہ وہ جگن کے کام کرنے کے انداز کو پسند نہیں کرتے ہیں۔ وجئے واڑہ میں تلگو دیشم کے ایک اور ایم ایل سی پی کیشو نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن قائد جگن ریاست کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جگن کے لیے یہ بات مناسب نہیں ہے کہ حکومت سے تعاون کرنے کے بجائے ہر مسئلہ پر حکومت پر تنقید کرے ۔ کیشو نے کہا کہ جگن ان کی زندگی بھر ریاست کا چیف منسٹر نہیں بن سکتے ہیں ۔۔